Prof. Syed Mujahid Sajjad

سکوت شام خزاں ہے قریب آ جاؤ

Ahmed Faraz

Published 13 October 2026

سکوت شام خزاں ہے قریب آ جاؤ

بڑا اداس سماں ہے قریب آ جاؤ

نہ تم کو خود پہ بھروسہ نہ ہم کو زعم وفا

نہ اعتبار جہاں ہے قریب آ جاؤ

رہ طلب میں کسی کو کسی کا دھیان نہیں

ہجوم ہم سفراں ہے قریب آ جاؤ

جو دشت عشق میں بچھڑے وہ عمر بھر نہ ملے

یہاں دھواں ہی دھواں ہے قریب آ جاؤ

یہ آندھیاں ہیں تو شہر وفا کی خیر نہیں

زمانہ خاک فشاں ہے قریب آ جاؤ

فقیہ شہر کی مجلس نہیں کہ دور رہو

یہ بزم پیر مغاں ہے قریب آ جاؤ

فرازؔ دور کے سورج غروب سمجھے گئے

یہ دور کم نظراں ہے قریب آ جاؤ

About Ahmed Faraz (احمد فراز)

احمد فراز (1931–2008) پاکستان کے ممتاز اردو شاعر تھے، جو کوہاٹ میں پیدا ہوئے۔ تنہا تنہا، دردِ آشوب، نایافت، شبخون اور میرے خواب ریزہ ریزہ ان کے شعری مجموعے ہیں۔ غزل میں ان کا مقام زبان کی سلاست اور جذبے کی شدت کی بدولت ہے اور وہ اردو ادب کے بڑے ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔

Read all poetry by Ahmed Faraz

More Urdu poetry by Ahmed Faraz