سوئے فلک نہ جانب مہتاب دیکھنا
Published 13 October 2026
سوئے فلک نہ جانب مہتاب دیکھنا
اس شہر دل نواز کے آداب دیکھنا
تجھ کو کہاں چھپائیں کہ دل پر گرفت ہو
آنکھوں کو کیا کریں کہ وہی خواب دیکھنا
وہ موج خوں اٹھی ہے کہ دیوار و در کہاں
اب کے فصیل شہر کو غرقاب دیکھنا
ان صورتوں کو ترسے گی چشم جہاں کہ آج
کم یاب ہیں تو کل ہمیں نایاب دیکھنا
پھر خون خلق و گردن مینا بچائیو
پر چل پڑا ہے ذکر مئے ناب دیکھنا
آباد کوئے چاک گریباں جو پھر ہوا
دست رقیب و دامن احباب دیکھنا
ہم لے تو آئے ہیں تجھے اک بے دلی کے ساتھ
اس انجمن میں اے دل بیتاب دیکھنا
حد چاہئے فرازؔ وفا میں بھی اور تمہیں
غم دیکھنا نہ دل کی تب و تاب دیکھنا
About Ahmed Faraz (احمد فراز)
احمد فراز (1931–2008) پاکستان کے ممتاز اردو شاعر تھے، جو کوہاٹ میں پیدا ہوئے۔ تنہا تنہا، دردِ آشوب، نایافت، شبخون اور میرے خواب ریزہ ریزہ ان کے شعری مجموعے ہیں۔ غزل میں ان کا مقام زبان کی سلاست اور جذبے کی شدت کی بدولت ہے اور وہ اردو ادب کے بڑے ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔
More Urdu poetry by Ahmed Faraz
- سنا ہے لوگ اسے آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں (Ghazal)
- رنجش ہی سہی دل ہی دکھانے کے لیے آ (Ghazal)
- اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں (Ghazal)
- اس سے پہلے کہ بے وفا ہو جائیں (Ghazal)