اس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
کلیاتِ اقبال
Published 14 October 2026
اس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
ہو جس کے جوانوں کی خودی صورت فولاد
ناچیز جہان مہ و پرویں ترے آگے
وہ عالم مجبور ہے تو عالم آزاد
موجوں کی تپش کیا ہے فقط ذوق طلب ہے
پنہاں جو صدف میں ہے وہ دولت ہے خدا داد
شاہیںؔ کبھی پرواز سے تھک کر نہیں گرتا
پر دم ہے اگر تو تو نہیں خطرۂ افتاد
About Allama Iqbal (علامہ محمد اقبال)
علامہ محمد اقبال (1877 – 1938) برصغیر کے نامور شاعر، مفکر اور فلسفی تھے، جو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم اور ارمغانِ حجاز ان کے شعری مجموعے ہیں۔ ان کی شاعری خودی، بیداری اور انسان کی بلندی کا پیغام دیتی ہے۔