کيا ميں نے اس خاک داں سے کنارا
کلیاتِ اقبال
Published 14 October 2026
کيا ميں نے اس خاک داں سے کنارا
جہاں رزق کا نام ہے آب و دانہ
بياباں کي خلوت خوش آتي ہے مجھ کو
ازل سے ہے فطرت مري راہبانہ
نہ باد بہاري ، نہ گلچيں ، نہ بلبل
نہ بيماري نغمہ عاشقانہ
خيابانيوں سے ہے پرہيز لازم
ادائيں ہيں ان کي بہت دلبرانہ
ہوائے بياباں سے ہوتي ہے کاري
جواں مرد کي ضربت غازيانہ
حمام و کبوتر کا بھوکا نہيں ميں
کہ ہے زندگي باز کي زاہدانہ
جھپٹنا ، پلٹنا ، پلٹ کر جھپٹنا
لہو گرم رکھنے کا ہے اک بہانہ
يہ پورب ، يہ پچھم چکوروں کي دنيا
مرا نيلگوں آسماں بيکرانہ
پرندوں کي دنيا کا درويش ہوں ميں
کہ شاہيں بناتا نہيں آشيانہ
About Allama Iqbal (علامہ محمد اقبال)
علامہ محمد اقبال (1877 – 1938) برصغیر کے نامور شاعر، مفکر اور فلسفی تھے، جو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم اور ارمغانِ حجاز ان کے شعری مجموعے ہیں۔ ان کی شاعری خودی، بیداری اور انسان کی بلندی کا پیغام دیتی ہے۔