حقیقت محرم اسرار سے پوچھ
کلیاتِ حالی
Published 14 October 2026
حقیقت محرم اسرار سے پوچھ
مزا انگور کا مے خوار سے پوچھ
وفا اغیار کی اغیار سے سن
مری الفت در و دیوار سے پوچھ
ہماری آہ بے تاثیر کا حال
کچھ اپنے دل سے کچھ اغیار سے پوچھ
دلوں میں ڈالنا ذوق اسیری
کمند گیسوئے خم دار سے پوچھ
دل مہجور سے سن لذت وصل
نشاط عافیت بیمار سے پوچھ
نہیں جز گریۂ غم حاصل عشق
ہماری چشم دریا بار سے پوچھ
نہیں آب بقا جز جلوۂ دوست
کسی لب تشنۂ دیدار سے پوچھ
فریب وعدۂ دل دار کی قدر
شہید خنجر انکار سے پوچھ
فغان شوق کو مانع نہیں وصل
یہ نکتہ عندلیب زار سے پوچھ
تصور میں کیا کرتے ہیں جو ہم
وہ تصویر خیال یار سے پوچھ
متاع بے بہا ہے شعر حالیؔ
مری قیمت مری گفتار سے پوچھ
About Altaf Hussain Hali (الطاف حسین حالی)
الطاف حسین حالی (1837 – 1914) شاعر، ناقد اور سوانح نگار تھے اور غالب سے قریب رہے۔ ان کی مسدس اردو کی مشہور ترین نظموں میں سے ہے۔