وہ
Published 12 October 2026
وہ کتاب حسن وہ علم و ادب کی طالبہ
وہ مہذب وہ مؤدب وہ مقدس راہبہ
کس قدر پیرایہ پرور اور کتنی سادہ کار
کس قدر سنجیدہ و خاموش کتنی با وقار
گیسوئے پر خم سواد دوش تک پہنچے ہوئے
اور کچھ بکھرے ہوئے الجھے ہوئے سمٹے ہوئے
رنگ میں اس کے عذاب خیرگی شامل نہیں
کیف احساسات کی افسردگی شامل نہیں
وہ مرے آتے ہی اس کی نکتہ پرور خامشی
جیسے کوئی حور بن جائے یکایک فلسفی
مجھ پہ کیا خود اپنی فطرت پر بھی وہ کھلتی نہیں
ایسی پر اسرار لڑکی میں نے دیکھی ہی نہیں
دختران شہر کی ہوتی ہے جب محفل کہیں
وہ تعارف کے لیے آگے کبھی بڑھتی نہیں
About Jaun Elia (جون ایلیا)
جون ایلیا (1931–2002) اردو کے منفرد شاعر، فلسفی اور عالم تھے۔ وہ ہندوستان کے شہر امروہہ میں پیدا ہوئے اور بعد میں پاکستان آ گئے۔ شاید، یعنی، گمان اور لیکن ان کے شعری مجموعے ہیں۔ ان کا کلام اپنی نرالی شوخی اور گہرے فلسفیانہ انداز کے لیے جانا جاتا ہے۔
More Urdu poetry by Jaun Elia
- عمر گزرے گی امتحان میں کیا (Ghazal)
- نیا اک رشتہ پیدا کیوں کریں ہم (Ghazal)
- حالت حال کے سبب حالت حال ہی گئی (Ghazal)
- کتنے عیش سے رہتے ہوں گے کتنے اتراتے ہوں گے (Ghazal)