ذہن خالی ہے
کلیاتِ راشد
Published 14 October 2026
ذہن خالی ہے
خلا نور سے یا نغمے سے
یا نکہت گم راہ سے بھی
پر نہ ہوا
ذہن خالی ہی رہا
یہ خلا حرف تسلی سے
تبسم سے
کسی آہ سے پر نہ ہوا
اک نفی لرزش پیہم میں سہی
جہد بے کار کے ماتم میں سہی
ہم جو نارس بھی ہیں غم دیدہ بھی ہیں
اس خلا کو
(اسی دہلیز پہ سوئے ہوئے
سرمست گدا کے مانند)
کسی مینار کی تصویر سے
یا رنگ کی جھنکار سے
یا خوابوں کی خوشبوؤں سے
پر کیوں نہ کریں؟
کہ اجل ہم سے بہت دور
بہت دور رہے؟
نہیں ہم جانتے ہیں
ہم جو نارس بھی ہیں غم دیدہ بھی ہیں
جانتے ہیں کہ خلا ہے وہ جسے موت نہیں
کس لیے نور سے یا نغمے سے
یا حرف تسلی سے اسے ''جسم ''بنائیں
اور پھر موت کی وارفتہ پذیرائی کریں؟
نئے ہنگاموں کی تجلیل کا در باز کریں
صبح تکمیل کا آغاز کریں؟
About N. M. Rashid (ن م راشد)
ن م راشد (1910 – 1975) جدید اردو نظم کے اہم شاعر تھے۔ ماں کی یاد، حسنِ کوثر اور لامسہ ان کے مجموعے ہیں اور وہ آزاد نظم کے نمایاں ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔
More Urdu poetry by N. M. Rashid
- رات میں خواب بھی تھے (Poem)
- اے غزال شب (Poem)
- زمستاں کی اس شام (Poem)
- آ لگی ہے ریت دیواروں کے ساتھ (Poem)