اتنی مدت بعد ملے ہو
Published 10 October 2026
اتنی مدت بعد ملے ہو کن سوچوں میں گم پھرتے ہو
اتنے خائف کیوں رہتے ہو ہر آہٹ سے ڈر جاتے ہو
تیز ہوا نے مجھ سے پوچھا ریت پہ کیا لکھتے رہتے ہو
کاش کوئی ہم سے بھی پوچھے رات گئے تک کیوں جاگے ہو
میں دریا سے بھی ڈرتا ہوں تم دریا سے بھی گہرے ہو
کون سی بات ہے تم میں ایسی اتنے اچھے کیوں لگتے ہو
پیچھے مڑ کر کیوں دیکھا تھا پتھر بن کر کیا تکتے ہو
جاؤ جیت کا جشن مناؤ میں جھوٹا ہوں تم سچے ہو
اپنے شہر کے سب لوگوں سے میری خاطر کیوں الجھے ہو
کہنے کو رہتے ہو دل میں پھر بھی کتنے دور کھڑے ہو
رات ہمیں کچھ یاد نہیں تھا رات بہت ہی یاد آئے ہو
ہم سے نہ پوچھو ہجر کے قصے اپنی کہو اب تم کیسے ہو
محسنؔ تم بدنام بہت ہو جیسے ہو پھر بھی اچھے ہو
About Mohsin Naqvi (محسن نقوی)
محسن نقوی (1947–1996) پاکستان کے معروف اردو شاعر تھے، جو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کا کلام غزل، نظم اور مرثیہ تینوں اصناف پر محیط ہے اور اپنے دلکش اسلوب کی وجہ سے اردو ادب کا سرمایہ سمجھا جاتا ہے۔
More Urdu poetry by Mohsin Naqvi
- یہ دل یہ پاگل دل مرا کیوں بجھ گیا آوارگی (Ghazal)
- ذکر شب فراق سے وحشت اسے بھی تھی (Ghazal)
- اجڑے ہوئے لوگوں سے گریزاں نہ ہوا کر (Ghazal)
- بھڑکائیں مری پیاس کو اکثر تری آنکھیں (Ghazal)