میں اب آیا ہوں اتنے برسوں کے بعد
کلیاتِ مجید امجد
Published 14 October 2026
میں اب آیا ہوں اتنے برسوں کے بعد
آندھیاں آئیں بدلیاں برسیں
دب گئیں خاک کی تہیں تہ خاک
بہتی مٹی میں بہہ گئی مٹی
میرے نادیدہ پیش رو تری قبر
کس جگہ تھی یہ اب کسے معلوم
یوں ہی اپنے قیاس سے میں نے
ریت کی اک شکن کو پہچانا
مٹتی سطحوں پہ ایک ڈوبتی سطر
اک خط خاک جس پہ کچھ کنکر
میں نے پہلے تو چن کے رکھ بھی دیئے
پھر خیال آیا اب یہ کون کہے
قبر تیری یہیں کہیں تھی مگر
تھی کہاں شاید اس جگہ تو نہ تھی
کچھ جو سوچا نہ جانے کیا سوچا
ذہن میں لاکھ الجھ گئے خاکے
میں نے کنکر وہ سب بکھیر دیئے
بے نشاں خاک میرے سامنے اب
ان جہانوں کا ایک حصہ ہے
جن کے بھیدوں کی تھاہ میں تو ہے
جن کے سایوں کی قبر میں میں ہوں
About Majeed Amjad (مجید امجد)
مجید امجد (1914 – 1974) پاکستان کے اردو شاعر تھے اور جدید اردو نظم کے اہم ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔