Prof. Syed Mujahid Sajjad

خدا نے الاؤ جلایا ہوا ہے

میراجی

کلیاتِ میراجی

Published 14 October 2026

خدا نے الاؤ جلایا ہوا ہے

اسے کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے

ہر اک سمت اس کے خلا ہی خلا ہے

سمٹتے ہوئے دل میں وہ سوچتا ہے

تعجب کہ نور ازل مٹ چکا ہے

بہت دور انسان ٹھٹھکا ہوا ہے

اسے ایک شعلہ نظر آ رہا ہے

مگر اس کے ہر سمت بھی اک خلا ہے

تخیل نے یوں اس کو دھوکا دیا ہے

ازل ایک پل میں ابد بن گیا ہے

عدم اس تصور پہ جھنجھلا رہا ہے

نفس دو نفس کا بہانہ بنا ہے

حقیقت کا آئینہ ٹوٹا ہوا ہے

تو پھر کوئی کہہ دے یہ کیا ہے وہ کیا ہے

خلا ہی خلا ہے خلا ہی خلا ہے

About Meeraji (میراجی)

میراجی (1912 – 1949) اردو کے جدید شاعر تھے جن کا اصل نام محمد ثناء اللہ ڈار تھا۔ وہ لاہور سے تعلق رکھتے تھے اور آزاد نظم اور علامتی شاعری کے لیے جانے جاتے ہیں۔

Read all poetry by Meeraji

More Urdu poetry by Meeraji