Prof. Syed Mujahid Sajjad

نہ گلشن میں چمن پر ان نے بلبل تجھ کو جا دی ہے

میر تقی میر

کلیاتِ میر

Published 14 October 2026

نہ گلشن میں چمن پر ان نے بلبل تجھ کو جا دی ہے

سپاس ایزد کے کرجن نے کہ یہ ڈالی نوادی ہے

نہیں ٹک بیٹھنے دیتے تم اپنی بزم میں ہم کو

مروت رسم تھی مدت کی سو تم نے اٹھا دی ہے

رہائی چنگل باز فلک سے مجھ کو مشکل تھی

مری یہ بند چڑیا کی سی مولا نے چھڑا دی ہے

گلی میں اپنی قدغن کر رکھو آنے نہ پائوں میں

کہیں کیا اور بھی دل کے لگانے کی منادی ہے

طپش سے رنگ اڑا جاوے قلق سے جان گھبراوے

دیا ہے دل الٰہی ہم کو یا کوئی بلا دی ہے

درگلزار پیش از صبح وا اے باغباں مت کر

اڑا لیتی ہے مٹی بھی صبا اک چور بادی ہے

کوئی صورت نہیں اس گھر سے اب تیرے نکلنے کی

قیامت کی ہے جن نے آرسی تجھ کو دکھا دی ہے

مجھے منظور کیا ہے زلف و خال و خط خوباں سے

خدا نے دیکھنے کی لت سی آنکھوں کو لگا دی ہے

کجی ذہن اس وادی میں گمراہی کی ہے باعث

سلیم الطبع کو تو پائوں کا ہر نقش ہادی ہے

لگا رہتا ہے سینے ہی سے بیٹھا ہوں کہ سوتا ہوں

غرض چھاتی مری داغ جدائی نے جلا دی ہے

نہ چھوٹا دل میں کچھ اس کے گئے پر غارت غم سے

ہزار افسوس کیا بستی محبت نے لٹا دی ہے

نہ کٹتی ٹک نہ ہوتی گر فقیری ساتھ الفت کے

ہمیں جب ان نے گالی دی ہے تب ہم نے دعا دی ہے

ہوئی ہے دل کی محویت سے یکساں یاں غم و فرحت

نہ ماتم مرنے کا ہے میر نے جینے کی شادی ہے

میر تقی میر

About Mir Taqi Mir (میر تقی میر)

میر تقی میر (1723 – 1810) اٹھارہویں صدی کے اردو شاعر اور اردو غزل کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انھوں نے دہلی کے زوال کا زمانہ دیکھا اور بعد ازاں لکھنؤ میں سکونت اختیار کی۔

Read all poetry by Mir Taqi Mir

More Urdu poetry by Mir Taqi Mir