Prof. Syed Mujahid Sajjad

ہوائے ہجر میں جو کچھ تھا اب کے خاک ہوا

Mohsin Naqvi

Published 10 October 2026

ہوائے ہجر میں جو کچھ تھا اب کے خاک ہوا کہ پیرہن تو گیا تھا بدن بھی چاک ہوا

اب اس سے ترک تعلق کروں تو مر جاؤں بدن سے روح کا اس درجہ اشتراک ہوا

یہی کہ سب کی کمانیں ہمیں پہ ٹوٹی ہیں چلو حساب صف دوستاں تو پاک ہوا

وہ بے سبب یوں ہی روٹھا ہے لمحہ بھر کے لئے یہ سانحہ نہ سہی پھر بھی کرب‌ ناک ہوا

اسی کے قرب نے تقسیم کر دیا آخر وہ جس کا ہجر مجھے وجہ انہماک ہوا

شدید وار نہ دشمن دلیر تھا محسنؔ میں اپنی بے خبری سے مگر ہلاک ہوا

About Mohsin Naqvi (محسن نقوی)

محسن نقوی (1947–1996) پاکستان کے معروف اردو شاعر تھے، جو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کا کلام غزل، نظم اور مرثیہ تینوں اصناف پر محیط ہے اور اپنے دلکش اسلوب کی وجہ سے اردو ادب کا سرمایہ سمجھا جاتا ہے۔

Read all poetry by Mohsin Naqvi

More Urdu poetry by Mohsin Naqvi