کیا خبر صبح کے ستارے کو
کلیاتِ مجید امجد
Published 14 October 2026
کیا خبر صبح کے ستارے کو
ہے اسے فرصت نظر کتنی
پھیلتی خوشبوؤں کو کیا معلوم
ہے انہیں مہلت سفر کتنی
برق بے تاب کو خبر نہ ہوئی
کہ ہے عمر دم شرر کتنی
کبھی سوچا نہ پینے والے نے
جام میں مے تو ہے مگر کتنی
دیکھ سکتی نہیں مآل بہار
گرچہ نرگس ہے دیدہ ور کتنی
جانے کیا زندگی کی جاگتی آنکھ
ہو گئی اس کی شب بسر کتنی
شمع خود سوز کو پتہ نہ چلا
دور ہے منزل سحر کتنی
مسکراتی کلی کو اس سے غرض
کہ ہے عمر اس کی مختصر کتنی
جینے والوں کو کام جینے سے
زندگی کا نظام جینے سے
About Majeed Amjad (مجید امجد)
مجید امجد (1914 – 1974) پاکستان کے اردو شاعر تھے اور جدید اردو نظم کے اہم ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔