Prof. Syed Mujahid Sajjad

میں اس کو یاد کروں حرفِ بندگی کی طرح

Mujahid Sajjad

Magar Manzar Nahi Mera

Published 3 November 2026

میں اس کو یاد کروں حرفِ بندگی کی طرح وہ میری روح میں رہتا ہے روشنی کی طرح

شمارِ اشک و تبسم کیا کرو تم بھی ہمارے خانۂ گریہ میں بے بسی کی طرح

عجب گزیدۂ قسمت تھے ہم کہ جن کے یہاں سحر کا نور بھی اُترا تو تیرگی کی طرح

عجیب دشتِ بلا ہے یہ مہ جبیں دنیا حقیقتیں بھی تخیل ہیں زندگی کی طرح

شبِ ستم ہے سحر کون اب کرے گا یہاں مرے حسین کی دجلہ میں تشنگی کی طرح

یہ تیرا رنج و الم تیری آبرو کی قسم مرے نصیب میں لکھا ہے زندگی کی طرح

یہ بے حسی ہے کہ بے چارگی مجاہؔد کی اب ان کا ظلم بھی لگتا ہے منصفی کی طرح

About Mujahid Sajjad (مجاہد سجاد)

سید مجاہد سجاد اردو زبان کے شاعر، ادیب اور ماہرِ تعلیم ہیں۔ سرکاری گریجویٹ کالج بریوالہ میں انگریزی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ہونے کے ساتھ وہ اردو شاعری، تنقید اور مضامین کی کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔

Read all poetry by Mujahid Sajjad

More Urdu poetry by Mujahid Sajjad